Towards Eternity
بلاگ پر واپس جائیں

Bible Asal Mein Kis Ne Likhi? Christian Scholars Ne Khud Maan Liya! -Faramosh karda Maseeh (AS)|Ep:2

تاریخ اشاعت

یوٹیوب پر دیکھیں

تصور کریں، آپ کے ہاتھ میں ایک کتاب ہے۔ ایک ایسی کتاب، جس پر 2 ارب سے زیادہ لوگوں نے اپنی ابدی زندگی کا دارومدار رکھا ہے۔ آپ اسے کھولتے ہیں اور یہ نام دیکھتے ہیں: متی، مرقس، لوقا اور یوحنا۔ لیکن پھر آپ کو ایک چونکا دینے والی بات پتا چلتی ہے۔ ان میں سے کوئی بھی انجیل دراصل ان لوگوں نے نہیں لکھی جن کے نام سے وہ منسوب ہے۔ آج ہم ایک ایسی حقیقت سامنے لا رہے ہیں جسے بائبل کے ماہرین کھلے عام مانتے ہیں، مگر جو عام مسیحی کو کبھی بتائی نہیں جاتی۔ انجیلیں مکمل طور پر گمنام ہیں۔ ان کے لکھنے والوں نے نہ کبھی حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو دیکھا، نہ ملاقات کی، اور یہ ایسی زبان میں لکھی گئیں جو عیسیٰ علیہ السلام بولتے تک نہیں تھے۔ کوئنے یونانی۔ اگر میں آپ کو بتاؤں کہ سب سے پہلی انجیل بھی حضرت عیسیٰ کے 40 سال بعد

جا کر لکھی گئی؟ اور باقی انجیلیں؟ 50، 60، بلکہ 70 سال بعد۔ تو یہ کتابیں وجود میں کیسے آئیں؟ انہیں دراصل کس نے لکھا؟ مسلمان ہونے کے ناطے ہمارا ایمان ہے کہ حضرت عیسیٰ ایک خالص الٰہی پیغام لے کر آئے تھے۔ لیکن جب آپ تاریخی شواہد دیکھتے ہیں، گمنام نسخے، کئی دہائیوں کا فاصلہ، اور ہزاروں متنی اختلافات، تو صاف ظاہر ہو جاتا ہے کہ انسانی ہاتھوں نے بیانیہ بدل دیا۔ تو ہمارا مقصد سیدھا سا ہے۔ اس اصل پیغام کو سامنے لانا جو حضرت عیسیٰ واقعی انسانیت کے لیے لائے تھے۔ اپنی پہلی قسط میں ہم نے چرچ کے بنیادی عقائد کا جائزہ لیا تھا: تثلیث، خدا کا انسانی روپ دھارنا، اور صلیب۔ اور آج ہم یہ حقیقت سامنے لا رہے ہیں کہ انجیلیں دراصل کیسے لکھی گئیں۔ اگر میں کئی دن تک مختلف موضوعات پر آپ سے باتیں کروں، اور صرف ایک سال

بعد آپ سے کہوں کہ میرے ہو بہو الفاظ دہرائیں، تو کیا یہ تقریباً ناممکن نہیں ہوگا؟ اب تصور کریں، میں آپ سے کہوں کہ وہ ساری باتیں 40، 50 یا 60 سال بعد بالکل درست لکھیں۔ انجیلوں کے معاملے میں ہمیں بالکل یہی بڑا مسئلہ درپیش ہے۔ بائبل کے ماہرین کی بھاری اکثریت کے مطابق، سب سے پہلی انجیل، یعنی مرقس کی انجیل، حضرت عیسیٰ کے تقریباً 40 سال بعد لکھی گئی۔ متی اور لوقا کی انجیلیں کم از کم 50 سال بعد لکھی گئیں، اور یوحنا کی انجیل، ان کے تقریباً 60 سے 70 سال بعد۔ یہاں ہمیں ایک بات واضح کر لینی چاہیے۔ اگر کوئی انجیل حضرت عیسیٰ کے 40 سال بعد لکھی گئی، تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ اس کا اصل متن آج واقعی ہمارے پاس ہے۔ جب آپ وہ سب سے پہلا نسخہ تلاش کرتے ہیں جو واقعی ہمارے ہاتھوں میں موجود ہے، تو تصویر بالکل مختلف

نظر آتی ہے۔ کسی بھی انجیل کا سب سے قدیم بچا ہوا ٹکڑا جو ہمارے پاس ہے، پی 52 ہے، یوحنا کی انجیل کا ایک ننھا سا ٹکڑا، جو تقریباً 125 سے 175 عیسوی کا ہے، یعنی حضرت عیسیٰ کے اس دنیا سے جانے کے تقریباً ایک صدی، یا اس سے بھی زیادہ بعد کا۔ پھر بھی یہ ٹکڑا یوحنا کی انجیل کا 1 فیصد بھی نہیں۔ بس چند ٹوٹی پھوٹی سطریں ہیں۔ بلکہ دوسری اور تیسری صدی کے پاپائرس پر لکھے ہمارے 90 فیصد نسخے بس ننھے ننھے ٹکڑے ہیں، جو کریڈٹ کارڈ سے بڑے نہیں، اور جن پر بمشکل چند آیات لکھی ہیں۔ اگرچہ پی 45 کی اکثر یہ خوبی بتائی جاتی ہے کہ اس میں چاروں انجیلیں شامل ہیں، اور یہ تقریباً 250 عیسوی کا ہے، مگر اس کے اصل 112 اوراق میں سے صرف 30 باقی ہیں۔ دنیا کو حضرت عیسیٰ کے بعد تقریباً پوری تین صدیاں انتظار کرنا پڑا، تب جا کر چاروں

انجیلوں کے پہلے مکمل نسخے سامنے آئے، یعنی کوڈیکس سینائیٹیکس اور کوڈیکس ویٹیکانس، جنہیں عام طور پر تقریباً 325 اور 350 عیسوی کا مانا جاتا ہے۔ اور ستم ظریفی یہ ہے کہ جب تک یہ مکمل نسخے آخرکار تیار ہوئے، تب تک کونسل آف نائسیا، وہ فیصلہ کن واقعہ جس کا ذکر ہم نے اپنی پہلی قسط میں کیا تھا، منعقد ہو چکی تھی۔ "ہم یہاں اس تنازع کو نمٹانے اور اتحاد قائم کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔" یہاں آپ پوچھ سکتے ہیں، کیا ہم چرچ کے ابتدائی بزرگوں کے ذریعے ان کتابوں کا سراغ لگا سکتے ہیں؟ پہلے 150 سال تک ابتدائی مسیحی شخصیات، جیسے کلیمنٹ، اگنیشیس، پولی کارپ اور جسٹن مارٹر کی تحریروں میں، بلکہ ڈیڈاکی جیسی ابتدائی تحریروں میں بھی انجیلوں سے بہت کم اقتباسات ملتے ہیں۔ بلکہ یہ سب مل کر بھی آج کی انجیلوں کے بمشکل 10 فیصد متن

کا احاطہ کرتے ہیں۔ ماضی میں یہ دعویٰ بھی کیا جاتا تھا کہ تقریباً پورا عہد نامہ جدید صرف چرچ کے ابتدائی بزرگوں کی تحریروں سے دوبارہ لکھا جا سکتا ہے۔ لیکن بعد میں خود مسیحی ماہرین نے اس دعوے کو رد کر دیا اور اسے غلط ثابت کیا۔ "چاروں انجیلیں گمنام ہیں، جیسا کہ آپ نے بالکل درست کہا۔ مثال کے طور پر متی کی انجیل لیں، عہد نامہ جدید کی پہلی انجیل، یعنی پہلی کتاب۔ اس میں کہیں نہیں لکھا کہ اسے کس نے لکھا۔ جن مسیحیوں سے میری بات ہوتی ہے، وہ اس پر مجھ سے متفق نہیں ہوتے۔ تو میں کہتا ہوں، ٹھیک ہے، میں انتظار کر لیتا ہوں۔ کسی بھی انجیل کی کوئی ایسی عبارت دکھا دو جس میں ان کے لکھنے والے کسی شخص کا نام آیا ہو۔ ہاں ہاں، لکھا ہے۔ یوحنا کی انجیل میں لکھا ہے۔ ٹھیک ہے، میں انتظار کر لیتا ہوں۔ یہ رہی تمہاری بائبل۔

دکھاؤ، کہاں لکھا ہے۔ سو میں انتظار کرتا ہوں۔ اور عموماً میں انہیں دو منٹ دیتا ہوں، کیونکہ میرے اور بھی کام ہیں۔ اور مجھے ہمیشہ پتا ہوتا ہے، کیونکہ یہ شطرنج کا کھیل ہے، کہ وہ پلٹ کر کہیں گے۔۔۔ اور وہ موضوع بدل دیتے ہیں۔ بس موضوع بدل دیتے ہیں، کیونکہ یوحنا میں کہیں بھی کسی ایسے شخص کا نام نہیں جس نے اسے لکھا ہو۔ ایسا ہے ہی نہیں۔ لیکن وہ مانتے ہیں کہ ہے، کیونکہ انہیں یہی بتایا گیا ہے۔" عہد نامہ جدید میں ہر انجیل کے شروع میں ہمیں ایسے عنوان نظر آتے ہیں جیسے "متی کے مطابق انجیل" یا "مرقس کے مطابق انجیل"۔ کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ کیوں لکھا ہے یہاں "کے مطابق"؟ حقیقت یہ ہے کہ جس نے بھی بعد میں یہ عنوان لگائے، وہ چاہتا تھا کہ ان تحریروں کو ان مشہور ناموں سے منسوب کر دے۔ اگر یہی لوگ اصل مصنف ہوتے، تو

نسخوں میں "متی کے مطابق" نہ لکھا ہوتا۔ بلکہ سیدھا "متی کی لکھی ہوئی انجیل" لکھا ہوتا۔ اگر وہ واقعی اپنے بیان کردہ واقعات کے چشم دید گواہ ہوتے، تو اعتماد قائم کرنے کے لیے تحریر پر اپنا نام ضرور لکھتے۔ مگر ایسا نہیں کیا۔ کیونکہ انہوں نے کبھی دعویٰ ہی نہیں کیا کہ وہ وہی ہیں جنہیں اکثر لوگ مصنف مانتے ہیں۔ مرقس اور لوقا کے لیے یہ بات سمجھ میں آتی ہے، کیونکہ وہ نہ حواری تھے، نہ چشم دید گواہ۔ لیکن متی اور یوحنا کا کیا، جنہیں حضرت عیسیٰ کے اصل حواری مانا جاتا ہے؟ مثال کے طور پر متی، باب 9، آیت 9 دیکھیں۔ لکھا ہے: حضرت عیسیٰ وہاں سے آگے بڑھے، تو انہوں نے متی نام کے ایک شخص کو محصول کی چوکی پر بیٹھے دیکھا۔ انہوں نے اس سے کہا، "میرے پیچھے چلے آؤ۔" اور متی اٹھ کر ان کے پیچھے چل پڑا۔ ذرا سوچیں، یہ اندازِ

بیان کتنا عجیب ہے۔ اگر آپ اس دن کی کہانی خود لکھ رہے ہوتے جس دن آپ کی زندگی بالکل بدل گئی، تو کیا آپ یوں کہتے: حضرت عیسیٰ نے متی نام کے ایک شخص کو دیکھا اور اسے اپنے پیچھے آنے کو کہا؟ نہیں۔ آپ سیدھا یوں کہتے: حضرت عیسیٰ نے مجھے دیکھا، مجھے اپنے پیچھے آنے کو کہا، اور میں اٹھا اور ان کے پیچھے چل پڑا۔ مزید یہ کہ بائبل کے جدید ماہرین ایک اور چونکا دینے والی حقیقت پر متفق ہیں۔ متی کی انجیل کے مصنف نے مرقس کی انجیل کو اپنا بنیادی ماخذ بنایا، اور اس کے پورے متن کا 90 فیصد سے زیادہ حصہ نقل کر لیا۔ یہاں اس گہرے تضاد پر غور کریں۔ متی کو تو ایک حقیقی حواری مانا جاتا ہے، چشم دید گواہ، جو حضرت عیسیٰ کے ساتھ رہے، جبکہ مرقس ایسا نہیں تھا۔ ایک حواری کو بھلا کہانی، اس کی ترتیب، اور ہو بہو الفاظ کسی ایسے شخص

سے نقل کرنے کی کیا ضرورت تھی جو وہاں تھا ہی نہیں؟ متی کو اپنی ہی زندگی یاد کرنے کے لیے کسی دوسرے کی تحریر دیکھنے کی کیا ضرورت تھی؟ اگر مصنف واقعی حواری ہوتا، تو وہ واقعات کے 40 سال بعد لکھی گئی کسی اور سے سنی ہوئی روایت نقل نہ کرتا۔ تو آخر مرقس تھا کون؟ ابتدائی مسیحی رہنما، سینٹ ارینیئس نے مرقس کے بارے میں یہ لکھا: "مرقس نے، جو حواری پطرس کا شاگرد اور ترجمان تھا، پطرس اور پولس کی وفات کے بعد اپنے استاد کے وعظ لکھے۔" ذرا سوچیں، اس کا مطلب کیا ہے۔ چونکہ حواری پطرس زندہ ہی نہیں تھے، اس لیے وہ مرقس کی تحریر میں غلطیوں، اضافوں یا کمیوں کی جانچ نہیں کر سکتے تھے۔ تو سلسلہ کچھ یوں بنتا ہے: متی کی انجیل مرقس کی نقل کرتی ہے۔ مرقس، پطرس کی باتیں یادداشت سے لکھتا ہے، اور پطرس پہلے ہی وفات پا چکے ہیں۔

چنانچہ آپ کے ہاتھ میں رہ جاتی ہے ایک غیر مصدقہ یادداشت کی نقل کی نقل۔ "میری پڑھائی کا اصل مضمون متنی تنقید تھا، یعنی بائبل کی جو قدیم ترین دستاویزات ہمارے پاس ہیں، ان کا مطالعہ، وغیرہ۔ تو بائبل کی گہرائی میں جا کر مجھے سمجھ آیا کہ یہ کامل کتاب نہیں ہے، اور علمی نقطۂ نظر سے بھی یہ کامل نہیں۔ اور یہی بات میں نے اس وقت باب جونز یونیورسٹی کے ایک پروفیسر سے کہی۔ میری ان سے بات ہوئی، اور میں نے ان سے ایک سوال پوچھا۔ یہ ایک منطقی سوال تھا۔ میں نے کہا، کیا خدا کامل ہے؟ بولے، ہاں۔ میں نے کہا، ٹھیک۔ اگر خدا کامل ہے، تو لازمی طور پر ہر وہ چیز جو خدا کی طرف سے آئے، اپنی فطرت میں کامل ہونی چاہیے۔ بولے، ہاں۔ میں نے کہا، کیا بائبل کامل ہے؟ بولے، نہیں۔ اگر خدا کامل ہے اور اس کی کوئی کتاب ہے، تو وہ کتاب بھی

کامل ہونی چاہیے۔" اور پھر آتی ہے یوحنا کی انجیل۔ وہ واحد انجیل جو اپنے ہی متن میں حضرت عیسیٰ کے ایک شاگرد کی تحریر ہونے کا دعویٰ کرتی ہے۔ لیکن اگر آپ اسے کھول کر کتاب کا آخری حصہ دیکھیں، تو آپ کو ایک حیرت انگیز بات ملتی ہے۔ اس شاگرد کے بارے میں، جنہیں عام طور پر حواری یوحنا مانا جاتا ہے، متن کہتا ہے: "یہ وہی شاگرد ہے جو ان باتوں کی گواہی دیتا ہے اور جس نے انہیں لکھا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ اس کی گواہی سچی ہے۔" آخری جملہ غور سے پڑھیں۔ ہم جانتے ہیں کہ اس کی گواہی سچی ہے۔ ذرا ٹھہریں۔ یہ پراسرار "ہم" کون ہیں؟ اگر قلم حواری یوحنا کے ہاتھ میں ہوتا، تو انہوں نے یہ کیوں نہیں کہا: میں ہی وہ شاگرد ہوں، اور تم جانتے ہو کہ میری گواہی سچی ہے؟ تو اگر یوحنا نے نہیں لکھا، تو پھر اسے دراصل کس نے لکھا؟ ہم نہیں

جانتے۔ اور جب ہمیں یہ تک معلوم نہیں کہ مصنف کون ہے، تو ہم اس گواہی پر بھروسہ کیسے کریں؟ یوحنا کی دوسری عبارتوں میں بھی ہمیں غائب کے صیغے والا وہی اندازِ بیان ملتا ہے۔ یوحنا کی پوری انجیل میں اس شخصیت کا بار بار یوں ذکر آتا ہے: وہ شاگرد جس سے حضرت عیسیٰ محبت کرتے تھے۔ یوحنا، باب 13، آیت 23 دیکھیں۔ "ان میں سے ایک، وہ شاگرد جس سے حضرت عیسیٰ محبت کرتے تھے، ان کے پاس ٹیک لگائے بیٹھا تھا۔" اگر لکھنے والے خود یوحنا ہوتے، تو کیا وہ سیدھا یہ نہ کہتے: میں ان کے پاس ٹیک لگائے بیٹھا تھا؟ غائب کے صیغے والے اس اندازِ بیان کے علاوہ، ایک اور بڑا فرق بھی ہے جو یوحنا کی انجیل کو باقی تینوں سے بالکل الگ کر دیتا ہے۔ "اور تاریخی لحاظ سے سب سے کمزور انجیل یوحنا کی انجیل ہی ہے۔ انجیلوں میں صرف ایک ہی مقام ایسا ہے

جہاں عیسیٰ یہ کہتے پھرتے ہیں: میں دنیا کا نور ہوں، یا ابراہیم سے پہلے، میں ہوں، یا قیامت اور زندگی میں ہوں، یا میں دنیا کا نور ہوں۔ یہ سب 'میں ہوں' والے جملے صرف ایک انجیل میں ملتے ہیں، یعنی آخری انجیل، یوحنا میں۔ اگر آپ ابتدائی انجیلیں دیکھیں تو عیسیٰ کبھی اس طرح بات نہیں کرتے۔" پہلی تین انجیلیں، جنہیں متوافق انجیلیں بھی کہا جاتا ہے، حضرت عیسیٰ کے انسان ہونے پر بہت زور دیتی ہیں، اور انہیں ایک ایسے نبی کے طور پر دکھاتی ہیں جو عام لوگوں اور سادہ دیہاتیوں کو تمثیلوں، یعنی مختصر سبق آموز کہانیوں سے تبلیغ کرتے ہیں۔ لیکن یوحنا کی انجیل انداز اور مواد دونوں میں بالکل مختلف ہے۔ یہ حضرت عیسیٰ کو ایک یونانی فلسفی کی طرح دکھاتی ہے جو لمبی اور پیچیدہ تقریروں سے تبلیغ کرتا ہو۔ اگر صرف اسی کو پڑھا جائے،

تو کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ تمثیلیں حضرت عیسیٰ کی تعلیم کا بنیادی طریقہ تھیں۔ کیونکہ یوحنا کی انجیل میں روایتی تمثیل سرے سے ایک بھی نہیں۔ اس کے بجائے، یہ ان سادہ کہانیوں کی جگہ پیچیدہ علامتیں اور استعارے لے آتی ہے۔ اس متن میں حضرت عیسیٰ کے بارے میں بہت سے مذہبی اور فلسفیانہ تصورات ہیں، لیکن سب سے اہم بات یہ کہ، باقی انجیلوں کے برعکس، جو حضرت عیسیٰ کے انسان ہونے کو نمایاں کرتی ہیں، یوحنا کی انجیل کا مقصد حضرت عیسیٰ کو خدائی ہستی کے طور پر پیش کرنا ہے۔ "یوحنا میں معاملہ کچھ زیادہ پیچیدہ ہو جاتا ہے۔ عیسیٰ کسی حد تک ایک خدائی ہستی کے طور پر سامنے آتے ہیں۔ ابتدا میں کلام تھا، انجیل یوں شروع ہوتی ہے، اور کلام خدا کے ساتھ تھا، اور کلام خدا تھا، اور کلام مجسم ہوا اور ہمارے درمیان رہا، وغیرہ۔ اب یہ

سب بہت بعد کی باتیں ہیں۔ اور اگر عیسیٰ واقعی یہ حیرت انگیز باتیں کہتے پھرتے تھے جیسا کہ یوحنا کا دعویٰ ہے، تو کسی اور نے یہ بات بیان کیوں نہیں کی؟ تو ہمارے پاس اس سے پہلے کی ایک انجیل ہے، مثال کے طور پر لوقا کی انجیل۔ لوقا کی پوری انجیل میں عیسیٰ کبھی اس طرح بات نہیں کرتے۔ وہ اپنے بارے میں کبھی اتنی باتیں نہیں کرتے۔" ان تمام باتوں کی بنا پر بہت سے ماہرین اس نتیجے پر پہنچے کہ یوحنا کا مصنف غالباً یونانی ثقافت میں پلا بڑھا ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ یہودی تھا، نہ کہ حواری یوحنا جیسا ایک سادہ مچھیرا۔ بلکہ دوسری صدی میں کچھ مسیحیوں کا کہنا تھا کہ یہ انجیل یوحنا نے نہیں لکھی، اور بعد میں یہ لوگ الوگی کہلائے۔ "یہ انجیل یوحنا کی لکھی ہوئی نہیں ہو سکتی۔ تو پھر کس نے لکھی؟ مجھے نہیں معلوم۔" لیکن بعد میں

اسے مقدس کتابوں میں شامل کر لیا گیا۔ "تو بری خبر یہ ہے کہ مسیحی تبلیغ کے لیے یوحنا کی انجیل باقی سب انجیلوں سے زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر، وہ امریکی مبلغ جسے میں نے کچھ سال پہلے لندن میں دیکھا، وہ کہتا تھا، عیسیٰ کہتے ہیں، میں دنیا کا نور ہوں۔ اور اس کے اپنے ماہرین کہیں گے، غالباً انہوں نے یہ نہیں کہا۔ یہ تاریخی نہیں۔ اور یہی تو اصل اسکینڈل ہے۔ عام طور پر مسیحی نہیں جانتے کہ اس بارے میں ان کے اپنے ماہرین کیا کہہ رہے ہیں۔ یہ فکر کی بات ہے، کیونکہ اگر ان میں من گھڑت کہانیاں ہیں، تو اب ان پر کیسے بھروسہ کریں؟ انجیلوں میں من گھڑت کہانیاں موجود ہیں۔" تو ماہرین ایسا کیوں کہتے ہیں؟ جواب سیدھا سا ہے۔ کیونکہ حضرت عیسیٰ کے ساتھ کوئی کاتب نہیں تھے جو ان کے وعظ لفظ بہ لفظ لکھتے جاتے۔ اور نہ

ہی روایتوں کی درستگی جانچنے کا کوئی باقاعدہ نظام تھا۔ روایتوں کے مستند ہونے کی تسلی کے لیے کوئی کڑا سوال نہیں اٹھایا گیا، جیسے: روایت کرنے والوں کا حافظہ کتنا مضبوط تھا؟ کیا وہ قابلِ اعتماد لوگ تھے؟ کیا ان سے کوئی بات غلط بیان ہو سکتی تھی؟ اس کے بجائے، دہائیوں تک اس بارے میں مکمل خاموشی رہی۔ عہد نامہ جدید کی تمام 27 کتابیں مشہور شخصیات سے منسوب ہیں۔ لیکن ماہرین بڑی حد تک متفق ہیں کہ ان میں سے صرف سات واقعی انہی مصنفین نے لکھیں جن کے نام ان پر ہیں۔ اور وہ ہیں پولس کے سات خطوط۔ رہی یہ بات کہ پولس دراصل کون تھا، تو اس پر پہلی قسط میں تفصیل سے بات ہو چکی ہے۔ "بائبل میں ایسے مصنفین ہیں جو آج تک نامعلوم ہیں۔ اور جب میں بائبل کی تاریخی حیثیت کے بارے میں سیکھ رہا تھا، تاکہ دوسروں کو اس کے مستند ہونے

کا قائل کر سکوں، تو مجھے خدشات ہونے لگے، رائٹ؟ میں وہ سیکھ رہا تھا جو پہلے نہیں جانتا تھا۔ اور پکے یقین سے شروع ہو کر، میں جتنا سیکھتا گیا، اتنا ہی شکی ہوتا گیا۔ یہ سلسلہ چلتا رہا، یہاں تک کہ میں اس مقام پر پہنچ گیا جہاں میں پریشان تھا کہ بات بہتر ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی۔" اب معاملہ اور بھی پیچیدہ ہو جاتا ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام آرامی زبان بولتے تھے۔ اس لیے انہوں نے اپنا پیغام اسی زبان میں پہنچایا۔ لیکن آج ہمارے پاس جو انجیلیں ہیں، وہ سب اصل میں کوئنے یونانی میں لکھی گئیں، یہودی صحیفوں کی روایتی زبان عبرانی میں بھی نہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ چند اکا دکا الفاظ کے سوا، ہمارے پاس حضرت عیسیٰ کا ایک بھی خطاب اس زبان میں محفوظ نہیں جو وہ خود بولتے تھے۔ جب ہم یہ سارے ٹکڑے جوڑتے ہیں، تو صاف نظر

آتا ہے کہ وہ خلافِ عقل عقائد جن پر ہم نے پہلی قسط میں بات کی، حضرت عیسیٰ کی سچی تعلیمات میں کیسے ملا دیے گئے۔ ان جیسے عظیم نبی کبھی عقل کے اتنے خلاف کوئی بات نہیں سکھا سکتے۔ اور یہ سب ہمیں ایک نہایت اہم سوال پوچھنے پر مجبور کرتا ہے۔ ایک ایسا متن، جو غیر مصدقہ یادداشتوں کے سلسلے سے بنا ہو، اور کسی دوسری زبان میں، حضرت عیسیٰ کے کئی دہائیوں بعد لکھا گیا ہو، کیا وہ واقعی اس لائق ہے کہ آپ اپنی آخرت کا دارومدار اس پر رکھیں؟ یہ سب کچھ صرف آج ہمیں ہی ناقابلِ اعتبار نہیں لگتا، بلکہ انہیں بھی ایسا ہی لگا ہوگا جو ان تحریروں کو مقدس سند کا درجہ دینا چاہتے تھے۔ اس لیے انہیں ایک بیانیہ بنانا پڑا۔ "ہمیں ایک ایسا بیانیہ چاہیے جو ان تحریروں کو الٰہی اختیار دے۔" انہوں نے کہا کہ یہ کتابیں خدائی الہام سے لکھی

گئی ہیں۔ لیکن اس دعوے کا کوئی ثبوت نہیں۔ اور اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ اصل مصنفین نے اپنے بارے میں کبھی ایسا دعویٰ نہیں کیا۔ ذرا ان چاروں انجیلوں کو ساتھ ساتھ رکھ کر دیکھیں۔ یاد رکھیں، ان سب کو حضرت عیسیٰ کی بالکل ایک ہی کہانی سنانی چاہیے۔ پھر بھی آپ دیکھیں گے کہ یہ مسلسل ایک دوسرے سے ٹکراتی ہیں، واقعات کی ترتیب بدلتی ہیں، حقائق بدل دیتی ہیں، اور ایک ہی واقعے کی بالکل مختلف تفصیلات بتاتی ہیں۔ مثال کے طور پر حضرت عیسیٰ کے آخری لمحات کو لیں۔ مرقس میں حضرت عیسیٰ مایوسی میں پکارتے ہیں: میرے خدا، میرے خدا، تُو نے مجھے کیوں چھوڑ دیا؟ لیکن اس کے برعکس، لوقا بالکل مختلف تصویر پیش کرتا ہے، جس میں حضرت عیسیٰ سکون سے سرِ تسلیم خم کرتے ہوئے کہتے ہیں: اے باپ، میں اپنی روح تیرے ہاتھوں میں سونپتا ہوں۔

دراصل، ان متضاد بیانات پر ہمیں حیران نہیں ہونا چاہیے۔ آخر یہ الفاظ بیان کرنے والوں میں سے کوئی بھی صلیب کے مبینہ واقعے کے وقت وہاں موجود نہیں تھا۔ آئیے آگے بڑھتے ہیں۔ مرقس کہتا ہے کہ حضرت عیسیٰ کو تیسرے گھنٹے صلیب دی گئی۔ لیکن یوحنا کے مطابق، چھٹے گھنٹے بھی وہ پیلاطس کے سامنے مقدمے کا سامنا کر رہے تھے، یعنی رومی گورنر کے سامنے۔ آخری عشائیہ دیکھیں۔ پہلی تین انجیلیں کہتی ہیں کہ یہ عیدِ فسح کا کھانا تھا۔ لیکن یوحنا کہتا ہے کہ حضرت عیسیٰ عیدِ فسح شروع ہونے سے پہلے ہی وفات پا چکے تھے۔ یہاں تک کہ یہوداہ کے انجام کے بیانات بھی متضاد ہیں۔ متی کا دعویٰ ہے کہ یہوداہ نے احساسِ جرم کے مارے خود کو پھانسی دے دی۔ جبکہ عہد نامہ جدید کی کتاب اعمال کہتی ہے کہ وہ ایک کھیت میں سر کے بل گر کر مرا۔ متی کے مطابق

رومی فوج کا ایک افسر خود حضرت عیسیٰ کے پاس مدد مانگنے آیا۔ لیکن لوقا کہتا ہے کہ وہ افسر خود کبھی آیا ہی نہیں، بلکہ اس نے کچھ قاصد بھیج دیے۔ یہاں تک کہ سادہ ترین ہدایات بھی ایک دوسرے سے ٹکراتی ہیں۔ شاگردوں کو روانہ کرتے وقت، مرقس کہتا ہے کہ حضرت عیسیٰ نے انہیں صاف کہا کہ لاٹھی ساتھ رکھیں اور جوتیاں پہنیں۔ لیکن متی کا دعویٰ ہے کہ حضرت عیسیٰ نے حکم دیا کہ نہ لاٹھی رکھیں، نہ جوتیاں پہنیں۔ اگر یہ مصنفین واقعی خدا کے الہام سے لکھتے، تو ان میں ایک چھوٹے سے تضاد کی بھی گنجائش نہ ہوتی۔ بلکہ ماہرین نے عہد نامہ قدیم اور جدید میں 300 سے زیادہ تضادات ڈھونڈے ہیں۔ آج ہم نے ان میں سے صرف کچھ تضادات پر بات کی ہے۔ جو لوگ مزید مثالیں دیکھنا چاہیں، ان کے لیے اس قسط میں آگے ہم ایک ماخذ بتائیں گے۔ "میں بائبل پڑھ

رہا ہوں۔ پہلی آیت جو میں نے پڑھی، وہ یہ تھی کہ کوئی انسان خدا کو دیکھ کر زندہ نہیں رہ سکتا۔ اور میں سوچ رہا ہوں، مگر لوگ تو عیسیٰ کو خدا کہتے تھے، اور سب نے عیسیٰ کو دیکھا، اور عیسیٰ کو دیکھ کر کوئی نہیں مرا۔ تو آیت یہ تھی کہ کوئی انسان خدا کو دیکھ کر زندہ نہیں رہ سکتا۔ میں نے صفحہ پلٹا تو ایک اور آیت تھی، یعقوب کا ایک اور قصہ۔ یعقوب نہ صرف خدا کو دیکھتے ہیں، بلکہ اس سے کشتی لڑ رہے ہیں اور کہتے ہیں، جب تک تُو مجھے برکت نہ دے، میں تجھے جانے نہیں دوں گا۔ اچھا، ایک منٹ رکیں۔ ابھی تو آپ نے کہا کہ اگر کوئی خدا کو دیکھ بھی لے تو اس کے بعد زندہ نہیں رہ سکتا۔ اچھا، تو پھر یعقوب اس کے بعد زندہ کیوں ہیں؟ تو میں نے کیا کیا؟ 14 سال کی عمر میں، میں نے ہاتھ اٹھایا۔ پادری آئے اور بولے، میں تمہاری کیا مدد

کروں؟ میں نے انہیں دونوں آیتیں دکھائیں۔ اور ان کا ردِعمل تھا، مجھے تو پتا ہی نہیں تھا کہ یہ بائبل میں ہے۔ اور میں نے کہا، میں تو جیسے۔۔۔ کیا؟ لیکن آپ تو بائبل کے پادری ہیں۔" یہ تضادات صرف اوقات اور تاریخی تفصیلات یا ان کھلے منطقی ٹکراؤ تک ہی محدود نہیں رہتے۔ بلکہ یہ خدائی انصاف کی بنیاد تک جا پہنچتے ہیں۔ ذرا دیکھیں، عہد نامہ قدیم میں، خروج، باب 34، آیت 7 میں خدا کو کیسے بیان کیا گیا ہے: "پھر بھی وہ مجرم کو بے سزا نہیں چھوڑتا۔ وہ اولاد کو، اور اولاد کی اولاد کو والدین کے گناہ کی سزا تیسری اور چوتھی پشت تک دیتا ہے۔" لیکن اگر آپ حزقی ایل، باب 18، آیت 20 کھولیں، تو آپ کو بالکل الٹا حکم ملتا ہے۔ "اولاد والدین کے گناہ میں شریک نہیں ہوگی، اور نہ والدین اولاد کے گناہ میں شریک ہوں گے۔ نیک کی نیکی اسی

کے حق میں لکھی جائے گی، اور بدکار کی بدی اسی کے ذمے ڈالی جائے گی۔" تو خدا کی سچی شریعت کون سی ہے؟ دونوں باتیں ایک ساتھ سچ نہیں ہو سکتیں۔ اسی طرح آج کی مسیحیت پوری طرح موروثی گناہ کے تصور پر کھڑی ہے، یعنی یہ عقیدہ کہ ہر بچہ صرف حضرت آدم کی غلطی کی وجہ سے گناہ گار پیدا ہوتا ہے۔ اس بنیادی عقیدے اور حزقی ایل کے صاف الفاظ میں کوئی کیسے مطابقت پیدا کر سکتا ہے؟ "ہم گناہ کے ذریعے اس دنیا میں کیسے آ سکتے ہیں؟ ہم نے تو پیدا ہونے کے سوا کچھ کیا ہی نہیں۔" "اسلام اس بارے میں کیا کہتا ہے؟ اسلام اسے اصلی گناہ نہیں مانتا، بلکہ اسلام اصلی اچھائی کی بات کرتا ہے، کہ پیدا ہونے والا ہر بچہ، ہر اولاد، ایک پاک اورصاف دل لے کر پیدا ہوتی ہے ایک صاف تختی کی طرح، بلکل معصوم، پاک کسی داغ کے بغیر تب تک جب تک آپ بالغ ہو

جاتے ہیں۔ اور پھر اگر آپ اچھا کام کرتے ہیں تو انعام دیا جائے گا۔ اور اگر برا کام کرتےہیں تو اس کی سزا ملے گی۔ لہذا اسلامی تصور کے مطابق جب آدم اورحوا سے یہ گناہ ہوا تھا، جب ان سے وہ غلطی ہوئی تھی، تو دونوں نے خدا سے توبہ کی کہ اے خدا پلیز ہمیں معاف کر دو اور خدا نے معاف کر دیا۔ بات ختم ہو گئی۔ اس لیے ہر بچہ ایک اصلی اچھائی کے ساتھ پیدا ہوتا ہے۔ میں نے کئی موقعوں پر بارہا یہ جواب دیا ہے، مسجد کے اوپن ہاؤسز میں عیسائی حضرات جب یہ سوال کرتے تھے تو وہ ہر بار یہی کہتے ہیں، کہ سبیل آپ نے نجات کے اسلامی تصور کے بارے میں جو بات کہی، وہ بلکل لوجیکل ہے اور ہمیں سمجھ میں آتی ہے۔" پیدائش کی کتاب اور حضرت نوح کی کشتی کا قصہ دیکھیں۔ پیدائش، باب 6، آیت 19 میں حکم واضح ہے۔ "حضرت نوح کو حکم دیا جاتا ہے کہ

وہ ہر جاندار کا ایک جوڑا کشتی میں لے جائیں، ایک نر اور ایک مادہ۔ لیکن اگلے ہی باب میں، یعنی پیدائش، باب 7، آیت 2 اور 3 میں یہ ہدایات کافی بدل جاتی ہیں۔" اچانک حضرت نوح کو حکم ملتا ہے کہ ہر پاک جانور کے سات جوڑے، ہر ناپاک جانور کا ایک جوڑا، اور ہر پرندے کے بھی سات جوڑے ساتھ لیں۔ یہ دو الگ کتابوں کا موازنہ نہیں، جو صدیوں کے فاصلے پر مختلف مصنفین نے لکھی ہوں۔ یہ تضادات بالکل ایک ہی کتاب کے اندر ہیں، صرف ایک باب کے فاصلے پر۔ انجیلوں اور باقی بائبل میں ایسے بہت سے تضادات آسانی سے مل جاتے ہیں۔ لیکن یہ مثالیں ہی بات کو بہت واضح کر دیتی ہیں۔ جو مزید دیکھنا چاہیں، وہ رحمت اللہ کیرانوی الہندی کی مشہور کتاب اظہار الحق دیکھ سکتے ہیں۔ اپنی اس کتاب میں انہوں نے 335 تضادات اور غلطیاں درج کی ہیں، یعنی آج ہم

نے جتنی مثالوں پر بات کی، ان سے 33 گنا سے بھی زیادہ۔ "یہ بائبل میں نے نوادرات کی ایک دکان سے خریدی۔ یہ تقریباً، میرا خیال ہے، 1825 یا 1836 کے آس پاس کی ہے۔ میں نے آیات پر نظر ڈالی، تو کچھ آیات غائب تھیں۔ وہ اب ہیں ہی نہیں۔ میں نے انہیں ڈھونڈا، مگر وہ ہیں ہی نہیں۔" وہ سوال یاد ہے جو ہم نے پہلے پوچھا تھا؟ وہ ابتدائی دریافت شدہ ٹکڑے آج ہمارے پاس موجود جدید بائبل سے دراصل کتنا میل کھاتے ہیں؟ اس کا جواب دنگ کر دینے والا ہے۔ ہمارے پاس عہد نامہ جدید کے تقریباً 5700 قدیم یونانی نسخے ہیں، پیپرس کے ننھے ٹکڑوں سے لے کر مکمل کتابوں تک۔ لیکن ان سب میں کوئی دو نسخے بھی ہو بہو ایک جیسے نہیں۔ ہاتھ سے لکھا ہر متن دوسرے سے مختلف ہے، اور پورے عہد نامہ جدید میں ایک بھی آیت ایسی نہیں جس کے تمام نسخے بالکل ایک

جیسے ہوں۔ بلکہ ماہرین کا اندازہ ہے کہ ان صفحات میں 4 لاکھ سے زیادہ متنی اختلافات ہیں۔ اب ایک لمحے کو اس پر غور کریں۔ پورے یونانی عہد نامہ جدید میں صرف تقریباً 1 لاکھ 38 ہزار الفاظ ہیں، یعنی اختلافات کی تعداد واقعی خود متن کے الفاظ سے زیادہ ہے۔ اس سب کے بعد، کیا یہ روزِ روشن کی طرح عیاں نہیں کہ یہ طے کرنا کتنا ناممکن ہے کہ اصل متن میں دراصل کیا لکھا تھا؟ تو کیا 5700 نسخوں کا ہونا واقعی اچھی بات ہے، یا مروجہ مسیحیت کے لیے یہ اور بھی بری بات ہے؟ اس بڑی تعداد سے دھوکا نہ کھائیں، کیونکہ ان نسخوں میں سے صرف 60 یا 70 حضرت عیسیٰ کے بعد کی پہلی تین صدیوں کے ہیں۔ بلکہ ان میں سے 90 فیصد سے زیادہ آٹھویں سے سولہویں صدی کے درمیان کے ہیں۔ کیا واقعات کے ایک ہزار سال بعد لکھے گئے کسی نسخے کی کوئی تاریخی

حیثیت ہو سکتی ہے؟ یہ فیصلہ میں آپ پر چھوڑتا ہوں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ ان 4 لاکھ متنی اختلافات میں سے 99 فیصد بالکل بے ضرر ہیں۔ ان کے نزدیک یہ ہجوں کے فرق، الفاظ کی ترتیب کی تبدیلیاں، اور نقل کرنے کے دوسرے معمولی فرق ہیں۔ لیکن جس متن کے بارے میں دعویٰ ہو کہ وہ خدا کی طرف سے ہے، اس میں کسی فرق یا تبدیلی کو معمولی نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ اگر ہم ان کی منطق مان بھی لیں، تب بھی باقی 1 فیصد کی صورت میں آپ کے پاس تقریباً 4000 اہم متنی اختلافات، یعنی فرق، رہ جاتے ہیں، جو معنی، تشریح، بلکہ عقیدے تک کو متاثر کر سکتے ہیں۔ کوئی اس کا جواز کیسے پیش کر سکتا ہے؟ اگر یہ کتاب واقعی خدا کی حفاظت میں ہوتی، تو کیا ہمارے پاس صرف ایک ہی متن نہ ہوتا؟ افسوس کی بات ہے کہ لگتا ہے صدیوں کے دوران ، یہ نسخے لکھنے والے اپنے

مذہبی عقائد کے مطابق اپنی مقدس تحریروں کو بدلتے رہے۔ مثال کے طور پر، یوحنا کے پہلے خط، باب 5، آیت 7 اور 8 میں وہ جملہ جو تثلیث کی طرف اشارہ کرتا ہے، بعد میں کیا گیا ایک ثابت شدہ اضافہ ہے۔ یہ اضافہ ہمیں مشہور کنگ جیمز ورژن میں ملتا ہے۔ اس میں لکھا ہے: کیونکہ آسمان میں گواہی دینے والے تین ہیں: باپ، کلام اور روح القدس۔ اور یہ تینوں ایک ہیں۔ لیکن نیو انٹرنیشنل ورژن جیسی جدید بائبلوں نے تثلیث کا یہ واضح حوالہ نکال دیا، کیونکہ ماہرین کو پتا چلا کہ یہ چودھویں صدی سے پہلے کے کسی یونانی نسخے میں موجود نہیں تھا۔ اب دیکھتے ہیں کہ انہوں نے اسے کیسے درست کیا۔ کیونکہ گواہی دینے والے تین ہیں: روح، پانی اور خون، اور یہ تینوں ایک بات پر متفق ہیں۔ جیسا کہ آپ دیکھ رہے ہیں، اسی عبارت میں اب تثلیث کا کوئی حوالہ

نہیں۔ "ایک اور مثال لیتے ہیں کہ گاؤسپل آف جان میں جو کہ فورتھ گاؤسپل ہے چپٹر نمبر 7 میں ورس نمبر53 اس میں ایک فاہشہ عورت کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ کیسے لوگ اسے سنگسار کرنے کے لیے اس کے گرد جمع ہوئے تھے۔ اور Jesus س وہاں آئے اور انہوں نے کہا کہ جو لوگ بھی گناہوں سے پاک ہیں وہ پہلا پتھر پھینکے رائٹ؟ آپ نے بھی یہ کہانی سنی ہوگی۔ یہ کہانی قدیم نسخوں میں بلکل بھی موجود نہیں ہے۔ کنگ جیمز ورژن میں موجود ہے۔ بائبل کے آر ایس وی ورژن کے مطابق یہ کہانی بعد میں شامل کی گئی۔ یہ قدیم نسخوں میں موجود نہیں ہے۔ یعنی کسی نے اسے بعد میں شامل کر لیا تھا۔" آئیے ایک اور مثال دیکھتے ہیں۔ مرقس، باب 16 کی آیات 9 تا 20 اس انجیل کے ان اضافوں میں سے ہیں جن پر سب سے زیادہ اتفاق ہے۔ بلکہ بائبل کے کچھ ورژنز میں اس کی

صاف نشاندہی کی گئی ہے۔ نیو انٹرنیشنل ورژن میں لکھا ہے: سب سے قدیم نسخوں اور کچھ دوسرے قدیم ماخذوں میں آیات 9 تا 20 موجود نہیں۔ مرقس کی اصل انجیل آیت 8 پر ختم ہو جاتی ہے، جہاں عورتیں خالی قبر سے ڈر کر بھاگ جاتی ہیں۔ اس میں نہ حضرت عیسیٰ کے جی اٹھ کر سامنے آنے کا ذکر ہے، نہ ان کے کسی آخری حکم کا۔ اسی طرح مرقس، باب 1، آیت 1 میں "خدا کا بیٹا" کے الفاظ کچھ قدیم ترین نسخوں میں نہیں ملتے۔ جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں، یہ بڑے اضافے ہیں جن کا مقصد مذہبی عقائد کو جڑ سے بدلنا ہے۔ "میں بائبلز کی کلیکشن کرتا ہوں۔ اور میرے کلیکشن میں 300 بائبلز ہیں۔ ہاں۔ کبھی میری لائبریری تشریف لائیں۔ جو کہ مختلف زمانوں میں سے ہیں، مختلف زمانوں میں، اور مختلف ورژنز میں ہیں اور ان میں سے ہر ایک دوسری سے مختلف ہے۔ مثال کے طور

پر جیسے کہ آپ کے پاس بائبل کا کنگ جیمز کا ورژن ہے جو کہ آیا ہے سن 1611 میں، جو کہ انگلینڈ کے کنگ جیمز کی نگرانی میں تیار اور شائع ہوا تھا۔ تو اس بائبل کو سن 1881 سے 1885 میں ریوائز کیا گیا، کیونکہ اس میں غلطیاں تھیں اور اسے قدیم نسخوں سے کاپی نہیں کیا گیا تھا۔ لہٰذا انہوں نے اسے ریوائز کیا سن 1881 میں پھر اس میں بھی کچھ غلطیاں رہ گئیں۔ لہٰذا انہوں نے اسے ریوائز کیا سن 1901 میں، جسے امریکن سٹینڈرڈ ورژن کہتے ہیں۔ اس میں بھی غلطیاں تھیں، کیونکہ لوگوں نے نئے نسخے دریافت کرنا شروع کر دیے تھے۔ اور نئے نسخے بالکل مختلف تھے، اس بائبل سے، لہٰذا انہیں اپڈیٹ کرتے رہنا پڑا۔ اور میں چند مثالیں بھی دوں گا، ٹھیک ہے؟ اچھا، بائبل کے 1901 والے ورژن، یعنی امریکن سٹینڈرڈ ورژن میں بھی غلطیاں تھیں لہٰذا انہوں نے

دوبارہ ریوائز کیا سن 1952 میں۔ اچھا پھر اس میں بھی غلطیاں تھیں، اسے دوبارہ ریوائز کیا گیا سن 1971 میں۔ NASB۔ اس میں بھی غلطیاں تھیں، دوبارہ ریوائز کیا گیا سن 1989 میں، اور پھر 2020 میں، اور اس کے بعد 2021 میں بھی۔ اب آپ سوچ رہے ہوں گے کہ سبیل بھائی، آخر یہ کیا ہو رہا ہے؟ بات دراصل یہ ہے کہ ٹھیک ہے، ان کے پاس ایک بائبل ہے۔ لیکن اگر انہیں نئے نسخے مل جاتے ہیں تو انہیں اس بائبل کو اپڈیٹ کرنا پڑتا ہے، نہ صرف اس کے ترجمے کو، لکہ اس کے مزامین کو بھی۔ لہٰذا وہ اپنے مطابق پوری کوشش کرتے ہیں اور ووٹو کی اکثریت پر فیصلے کرتے ہیں، کہ کونسا جملہ یہاں ہونا چاہیے کونسا جملہ وہاں ہونا چاہیے۔ وہاں نہ چاہیے اس طرح بائبل کو تیار کیا جاتا ہے۔ تو مسلمان جب یہ بات کہتے ہیں کہ بائبل تبدیل ہو چکی ہے اور قرآن

محفوظ ہے، تو ہمارے پاس ایک پکا تصدیق شدہ ثبوت موجود ہے۔" ہم تو ابھی عہد نامہ قدیم کے تاریخی طور پر قابلِ اعتماد ہونے کی بات ہی نہیں کر رہے۔ کیا یہ بڑی ستم ظریفی نہیں کہ تقریباً سارے حقائق جو آج ہم نے بیان کیے، خود مسیحی ماہرین ہی سامنے لائے ہیں؟ لوگ جتنی گہرائی سے اسلام کو پڑھتے ہیں، قرآن کو ماننے کی اتنی ہی وجوہات پاتے ہیں۔ لیکن جتنی گہرائی سے بائبل کو پڑھتے ہیں، نتیجہ پھر بھی وہی نکلتا ہے۔ انہیں پھر بھی قرآن کو ماننے کی وجوہات ملتی ہیں۔ آپ مذہبی اور متنی تحقیق کا جو بھی راستہ اختیار کریں، وہ ایک ہی آخری منزل تک لے جاتا ہے ، یعنی آخری وحی تک۔ شاید یہ اللہ کی تدبیر کا حصہ تھا کہ مسیحی ماہرین بائبل پر اتنی زیادہ تحقیق کریں، تاکہ لوگ آخرکار پہچان سکیں کہ حضرت عیسیٰ کا لایا ہوا سچا پیغام کیا

تھا، اور یہ کہ درحقیقت یہی وہ پیغام ہے جو قرآن میں موجود ہے۔ جن ماہرین نے سچ کی تلاش میں ہمت سے یہ تحقیق جاری رکھی، وہ قدر کے مستحق ہیں۔ اور مجھے یقین ہے کہ ان کی مخلص کوششیں ان شاء اللہ ایک دن انہیں صحیح راستے تک لے جائیں گی۔ اسلام میں ہر سوال کا جواب ہے، بشرط یہ کہ آپ اسے خلوص سے تلاش کرنا چاہیں۔ "وہ اسکالر، جو کلاس کے پروفیسر تھے، اور ایک پادری بھی، ایک چرچ کے رہنما، انہوں نے میری طرف دیکھا اور کہا، تم سوال کیوں کر رہی ہو؟ تو میں نے کہا، دراصل مجھے جاننا ہے کہ یونانی میں جو لکھا گیا تھا اور آج ہماری انگریزی بائبلوں میں جو ہے، ان کے بیچ کیا ہوا۔ انہوں نے کہا، دیکھو، یہ خدا کا بے خطا، یعنی یہ یقینی اور سچا کلام ہے۔ میں نے کہا، یہ کیسے ہو سکتا ہے؟ کیونکہ ہم نے اس کا ترجمہ کیا ہے، اور ترجمے

میں کچھ چھوٹ گیا ہے۔ انہوں نے کہا، کلاس کے بعد میرے دفتر میں تم سے بات کروں گا۔ میں نے کہا، ٹھیک ہے، میں تیار ہوں۔ کلاس ختم ہوئی، میں ان کے پاس گئی، تو انہوں نے کہا، اگر تم اس پر ایمان نہیں لاؤ گی، تو تمہارا ٹھکانہ جہنم ہے۔ تمہیں ایمان لانا ہوگا۔ میں نے کہا، معاف کیجیے، لیکن ان باتوں سے آپ مجھے قائل نہیں کر سکتے۔ اس کی کوئی تُک نہیں بنتی۔ یہ منطقی نہیں۔ اور اس وقت تک میں اسلام کے بارے میں اتنا پڑھ چکی تھی، اور قرآن بھی پڑھ چکی تھی، کہ جو کچھ میں نے پڑھا تھا وہ منطقی تھا، اور ہر بات اپنی جگہ ٹھیک بیٹھتی تھی۔ اور جو انہوں نے مجھے بتایا تھا، وہ نہیں۔" "اگر سچ ان کے پاس ہے اور سچ پر انہی کی اجارہ داری ہے، تو یہ بار بار اسے کیوں بدلتے ہیں؟ آپ اسے مسلسل کیوں بدل رہے ہیں؟ جب میں کسی پادری سے یہ

سوال کرتا ہوں، تو وہ مجھے جواب دینے کے بجائے حیلے بہانوں سے کیوں ٹالتا ہے؟ بہت بار، جب میں سوالات کرتا تو مجھے اِسی طرح کا جواب ملتا کہ برادر، بس اسی پر ایمان رکھو۔ کہ یہ باتیں بے ڈھنگی تھیں، عقل میں نہیں آتی تھیں۔" "آپ کہتے ہیں کہ بائبل اور تورات اصل میں خدا کی طرف سے بھیجی گئیں، اور پھر آپ کا دعویٰ ہے کہ انہیں بدل دیا گیا۔ خدا ایسا کیوں ہونے دے گا؟" "اللہ نے ایسا اس لیے ہونے دیا کیونکہ یہ مخصوص آسمانی کتابیں ایک خاص قوم کے لیے، ایک خاص زمانے میں بھیجی گئی تھیں۔ ہم یہ نہیں مانتے کہ تورات پوری انسانیت کے لیے بھیجی گئی تھی۔ اسی طرح ہم یہ بھی نہیں مانتے کہ وہ انجیل، جو اصل میں حضرت عیسیٰ مسیح پر نازل ہوئی، ہر زمانے کے تمام لوگوں کے لیے تھی۔ ہمارا ایمان ہے کہ صرف قرآن ہی ایسی کتاب ہے جو واقعی

ہر زمانے کے سب لوگوں کے لیے آئی، نبی پاک کی سنت کے ساتھ۔ اس لیے پوری انسانیت کو یہ ضرورت درپیش نہیں تھی کہ یہ آسمانی کتابیں واقعی محفوظ رکھی جائیں۔ اور اسی لیے قرآن کی اس آیت کے معنی میں اس طرف اشارہ ہے: بِمَا ٱسْتُحْفِظُوا۟ مِن كِتَٰبِ ٱللَّهِ وَكَانُوا۟ عَلَيْهِ شُهَدَآءَ جس کا مطلب یہ ہے کہ ان کے ذمے ان کتابوں کی حفاظت لگائی گئی تھی، یعنی پرانے دور کے ربیوں اور مذہبی پیشواؤں کے، اور وہ ناکام رہے، حالانکہ وہ اس کے گواہ تھے۔ تو دوسرے لفظوں میں، اس کا موازنہ اس سے کریں جو اللہ قرآن میں قرآن کے بارے میں فرماتا ہے، إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا ٱلذِّكْرَ وَإِنَّا لَهُۥ لَحَٰفِظُونَ کہ وہ خود اس کی حفاظت کرے گا، تو صاف فرق نظر آتا ہے۔ اور اس فرق کی وجہ یہ ہے کہ یہ کتابیں اپنی قوم اور اپنے دور تک

محدود تھیں، اور قرآن ہر زمانے کے سب لوگوں کے لیے آیا۔" "اگر خدا انجیل کو محفوظ کر بھی لیتا یا پھر جیزس کو دی ہوئی وحی کو محفوظ کر لیتا تب بھی وہ آج کے زمانے کے لیے کافی نہیں تھی، نہ ہی ہمیں آنے والے تمام مسائل کے لیے کافی ہوتی۔ لہذا اس کا دائرہ محدود تھا وہ صرف ان لوگوں کے لیے، اور اس زمانے کے لیے تھی۔ اسی وجہ سے اللہ نے اپنی حکمت سے اس کی ذمہداری یا اس کی حفاظت کا وعدہ نہیں کیا مگر قرآن پوری انسانیت کے لیے اور سارے زمانوں کے لیے ہے، ہر زمانے کے ہر مسئلے کے حل کے لیے، ہر کلچر اور انسانیت کی ہر نسل کے لیے ہے۔ اور چونکہ یہ آخری وحی ہے تو اس لیے اللہ نے اس کی حفاظت کا وعدہ کیا۔" حضرت محمد ﷺ کے لائے ہوئے نور کے ذریعے، مسیحی دنیا کو حضرت عیسیٰ کے پیغام کی خالص روح کی طرف لوٹنے کا واضح راستہ ملا۔

انہوں نے پھر سے واضح کیا کہ حضرت عیسیٰ دراصل کون تھے اور ان کی اصل تعلیم کیا تھی۔ اللہ نے اپنا آخری رسول بھیجا تاکہ وہ حضرت عیسیٰ کے پیروکاروں کو، اور پچھلے تمام انبیاء کے پیروکاروں کو پھر سے سیدھے راستے پر لے آئیں۔ آخر اسلام کوئی نیا مذہب نہیں۔ یہ وہی مشترکہ، عالمگیر پیغام ہے جس کی تبلیغ ان ہزاروں انبیاء نے کی، جو حضرت آدم علیہ السلام کے زمانے سے زمین کے کونے کونے میں بھیجے گئے۔ اس آخری اور نہ بدلنے والی وحی کے ذریعے حضرت عیسیٰ کا پیغام آخرکار انسانی تحریفات سے پاک ہو رہا ہے ، اور اپنی سچی، بے داغ صورت میں لوٹ رہا ہے۔ تو ہم دوسرے حصے کے اختتام پر پہنچ گئے ہیں، لیکن کہانی ابھی بہت باقی ہے۔ اگر آپ کو نسخوں کے 4 لاکھ اختلافات چونکا دینے والے لگے، تو ذرا رکیے، ابھی آپ دیکھیں گے کہ متن میں تحریف

کسی دین کی بنیاد کو کس قدر بدل سکتی ہے۔ اگلی قسط میں ہم مسیحیت اور اسلام میں خدا کے تصورات کو آمنے سامنے رکھیں گے، تاکہ ان کے درمیان بڑے فرق کو سمجھ سکیں۔ ہم ان واضح منطقی خامیوں کا جائزہ لیں گے جو بائبل میں باپ کہلانے والے خدا کی صفات سے متعلق ہیں۔ اور یوں ہم یہ واضح کریں گے کہ قرآن خدا کا وہ واحد بے عیب تصور پیش کرتا ہے جو انسانیت کے علم میں ہے۔ ہم یہ بھی بتائیں گے کہ نسخوں میں تحریفات نے صرف متن ہی نہیں بدلا، بلکہ انبیائے کرام کے بارے میں ہولناک بہتان بھی شامل کر دیے۔ اپنا تجسس اور جوش برقرار رکھیں۔ اور سچ کی تلاش کرنے والو، تیسری قسط میں ملاقات ہوگی۔ کیا آپ نے بھی اسلام قبول کیا ہے مگر سمجھ نہیں آ رہا کہاں سے سٹارٹ کریں؟ یا شاید آپ پیدائشی مسلمان ہیں مگر ایک فریش سٹارٹ لینا چاہتے ہیں اور

اسلام کو بالکل شروع سے سیکھنا چاہتے ہیں؟ اسی لیے ہم نے Step Islam ایپ بنائی ہے۔ یہ بالکل فری اور ایڈ-فری ایپ ہے جو آپ کو بہت ہی کلئیر اور آرگنائزڈ طریقے سے اسلام کے بارے میں سکھاتی ہے۔ آپ ایزیلی ایمان کی بیسکس، اہم قرآنی ٹرمز سیکھیں گے، اور ایسے پریکٹیکل ٹاسکس پورے کریں گے جن سے آپ اپنے حساب سے، زندگی بھر کی عادتیں بنا سکیں۔ شیطان کے بہکاوے میں آ کر اسے ڈیلے مت کریں۔ نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں، Step Islam ڈاؤنلوڈ کریں، اور ہمیشہ کی خوشی کی طرف اپنا پہلا سٹیپ آج ہی لیں۔